وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آج چارسدہ میں عوامی جرگے میں شرکت کریں گے
خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی آج (24 اکتوبر) کو چارسدہ میں ایک اہم عوامی جرگے میں شرکت کریں گے۔ یہ جرگہ مقامی مسائل، امن و امان، اور ترقیاتی منصوبوں پر بحث کے لیے بلایا گیا ہے، جس میں ضلع چارسدہ کے عمائدین، قبائلی سرداروں، نوجوانوں، اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
وزیر اعلیٰ کی یہ شرکت صوبائی حکومت کی 'عوام کی مشاورت' کی پالیسی کا حصہ ہے، جو ان کی حالیہ تقرری کے بعد پہلی بڑی عوامی سطح کی سرگرمی ہے۔
جرگہ چارسدہ کے مرکزی مقام پر دوپہر 2 بجے کا آغاز متوقع ہے،امن جرگہ، قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن، صحت و تعلیم کے مسائل، اور قبائلی علاقوں کی ترقی پر فوکس ہوگا۔ سہیل آفریدی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ "عوام کے مستقبل سے متعلق فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ عوام کی مشاورت سے ہوں گے۔" یہ جرگہ ان کے اس عزم کی عملی مثال ہوگا۔
سہیل آفریدی، جو 13 اکتوبر 2025 کو 90 ووٹوں سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے، قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے صوبے کے سب سے کم عمر وزیر اعلیٰ ہیں (36 سال کی عمر)۔ ان کی تقرری علی امین گنڈاپور کی جگہ ہوئی، آفریدی کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے اور وہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق صدر رہ چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ ہفتے اپنے پہلے باضابطہ اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ صوبے میں تھری ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت سیاسی شخصیات کی گرفتاریاں روکی جائیں گی، پولیس میں سیاسی مداخلت ختم ہوگی، اور سابق وزرائے اعلیٰ کی سکیورٹی واپس کی جائے گی۔ چارسدہ جرگہ ان اعلانات کی نگرانی اور عملدرآمد کو یقینی بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔
کیا یہ عوامی جرگہ عوام کی حقیقی فلاح ثابت ہوگا؟
